بنگلورو:یکم/ اگست(ایس او نیوز) شہر میں غیر قانونی طور پر قبضے میں جاچکے بڑے نالوں اور دیگر سرکاری زمینات پر قبضہ بلامروت ہٹادیا جائے گا۔کسی کے مقام ، مرتبے اور ان کے سیاسی اثر ورسوخ کی پرواہ کئے بغیر ریاستی حکومت غیر قانونی قبضو ں کو ہٹانے کیلئے کارروائی کرے گی۔ یہ بات آج ریاستی وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے کہی۔ بنگلور پریس کلب میں پریس کلب اور رپورٹرس گلڈ کے زیر اہتمام منعقدہ میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی حدود میں جتنی سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضے ہوئے ہیں ان کی نشاندہی کی جاچکی ہے، ان سے قبضوں کوہٹانے کی باضابطہ مہم شروع کردی گئی ہے۔ اس مرحلے میں سرکاری زمینات پر غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے کے معاملے میں کسی طرح کی تفریق برتی جائے گی اور نہ ہی حکومت کی طرف سے کسی کو بچایا جائے گا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ریاستی حکومت برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے ذریعہ بنگلور کی ترقی کیلئے خصوصی فنڈز جاری کررہی ہے۔ 18سو کروڑ روپیوں کی لاگت سے بی بی ایم پی کی حدود میں آخر میں شامل ہونے والے 110 دیہاتوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبے کو مکمل کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کی حدود میں 142 مربع کلومیٹر پر مشتمل ڈرینج کی تیاری کا کام مکمل کرلیا گیا ہے آنے والے دنوں میں مزید 400 مربع کلومیٹر ڈرینج کی تعمیر کاکام شروع کیاجائے گا۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ شہر بنگلورمیں روزانہ 14ملین لیٹر پانی کا استعمال کیاجاتا ہے۔ تقریباً 80فیصد استعمال شدہ پانی کو دوبارہ پروسیس کرکے ثانوی ضروریات کیلئے استعمال کرنے کیلئے ماہرین سے مشورہ کیا گیا ہے ، انہوں نے کہاکہ شہر میں استعمال ہونے والے پانی کا ایک بہت بڑا حصہ جو ضائع ہوجاتاہے اسے ری پروسس کرکے اس کے ذریعہ تالاب پر کئے جائیں گے، شہر میں جابجا ٹریفک کے اژدہام اور عوام کو ہورہی پریشانیوں کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے اس مسئلے کو سلجھانے کیلئے جب بھی کوئی نیا منصوبہ اپنایا جاتاہے تو بی جے پی اس کی مخالفت کیلئے کھڑی ہوجاتی ہے اور پھر حکومت پر الزام لگایا جاتاہے کہ ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ شہر میں بسویشورا سرکل ہبال فلائی اوور تک اسٹیل برڈج کی تعمیر کی مخالفت کرکے اسے روک دیا گیا۔ اب شیوانندا سرکل سے حکومت نے اسٹیل فلائی اوور کی تعمیر کا منصوبہ بنایا تو اس کی بھی مخالفت بلاوجہ کی جارہی ہے۔ غیر ضروری الزامات سے پریشان ہوکر حکومت نے ان منصوبوں کو ترک کردیا ہے۔اندرا کینٹین کی تیاری کے معاملے میں بے قاعدگیوں اور مبینہ رشوت ستانی کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوں کو غیر ضروری طور پر الزام تراشی کرنے کی فطرت ہوتی ہے۔ ایسے لوگوں کا کچھ نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر موصوف نے کہاکہ ریاستی حکومت یشونت پور ریلوے اسٹیشن سے دیون ہلی انٹرنیشنل ایرپورٹ تک ٹرین خدمات شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔انہوں نے بتایاکہ بنگلور میٹرو ریل پراجکٹ کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیاگیا ہے، اور عوامی استعمال کیلئے اسے کھول دیاگیا ہے، دوسرے مرحلے پر کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ ڈیری سرکل سے کرشنا راج پورم تک کے تیسرے مرحلے پر کام جلد شروع کیاجائے گا۔